اسلام آباد : عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں 10 دنوں میں پیٹرول 25 اور ڈیزل 65 روپے مہنگا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے بین الاقوامی اور مقامی قیمتوں کے درمیان فرق مزید بڑھ گیا ہے۔
پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر فیول پرائسنگ میکانزم تعارف کرائے جانے کے بعد سے، یعنی صرف 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت 310.71 روپے سے بڑھ کر 335.81 روپے ہو چکی ہے، یعنی 10 دنوں میں 25.10 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ ہوا۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 323.30 روپے سے بڑھ کر 388.38 روپے ہو گئی ہے، یعنی محض 10 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 65.08 روپے فی لیٹر کا ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گذشتہ روز حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1.63 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 335.81 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1.55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 388.38 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
مقامی سطح پر قیمتوں میں یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔
خیال رہے 17 جولائی کو برینٹ کروڈ جو 88 ڈالر فی بیرل پر تھا، کم ہو کر 83 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے، اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی 82.49 ڈالر سے گر کر 78.51 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا ہے۔


