بدھ, جون 17, 2026
اشتہار

پیٹرول میں ایتھنول کی آمیزش کی تجویز پر اجلاس میں کیا سفارش کی گئی؟

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد 1 جنوری 2026: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ایتھنول کی برآمدات اور مقامی طور پر تیار پیٹرول میں اس کی آمیزش کے مالی پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی گئی۔

اے پی پی کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مقامی ریفائنریوں میں تیار کیے جانے والے پیٹرول میں ایتھنول کی آمیزش سے متعلق تجویز پر ایک اجلاس کی صدارت کی۔

نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین اوگرا نے اجلاس کو اس تجویز پر بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: شہری فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر کتنا ٹیکس دے رہے ہیں؟

تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے سفارش کی کہ چونکہ اس وقت ایتھنول کی قیمتیں پیٹرول کے مقابلے میں زیادہ ہیں لہٰذا ریفائنریوں اور ایتھنول تیار کرنے والی صنعت کیلیے مالی طور پر قابل عمل ہونے کی شرط کے ساتھ ایتھنول کی رضاکارانہ آمیزش کی پالیسی اختیار کی جائے۔

اوگرا کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایتھنول کی برآمدات اور مقامی طور پر تیار کیے جانے والے پیٹرول میں اس کی آمیزش کے مالی پہلوئوں کا سہ ماہی بنیادوں پر جائزہ لے اور اپنی رپورٹ پیٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزیراعظم آفس کو پیش کرے۔

اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری پیٹرولیم، سیکریٹری صنعت و پیداوار، چیئرمین اوگرا، پاکستان ایتھنول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور پاکستان آٹو موٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ایتھنول کیا ہے؟

یہ ایک بے رنگ مائع ہے جسے عام زبان میں الکحل بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر Biomass سے حاصل کیا جاتا ہے اسی لیے اسے بایو فیول بھی کہتے ہیں۔

اس میں آکسیجن کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے گاڑی کے انجن کے اندر ایندھن بہتر طریقے سے جلتا ہے، اس سے گاڑی کے دھوئیں میں موجود زہریلی گیسوں جیسے کاربن مونو آکسائیڈ اور نائٹروجن آکسائیڈ کے اخراج میں کمی آتی ہے۔

ایتھنول کو جب پیٹرول میں ملایا جاتا ہے تو یہ اس کے معیار کو بہتر بناتا ہے اور انجن میں ناکنگ کے عمل کو روکتا ہے جس سے انجن کی لائف بڑھتی ہے۔

+ posts

یاسین صدیق اے آر وائی نیوز ڈیجیٹل سے منسلک صحافی ہیں۔

اہم ترین

یاسین صدیق
یاسین صدیق
یاسین صدیق اے آر وائی نیوز ڈیجیٹل سے منسلک صحافی ہیں۔

مزید خبریں