وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، ایندھن کی کوئی قلت نہیں ہے۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت گندم، پیٹرول کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال صوبوں میں گندم کی طلب و رسد معمول کے مطابق ہے۔
اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ممکنہ ذخیرہ اندوزی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکریٹریز کو ذخیرہ اندوز پیٹرول پمپس، کمپنیوں کے خلاف کارروائی میں مدد فراہم کرنے کی درخواست کی گئی، احد چیمہ نے کہا کہ منافع خوری کرنے والی پیٹرولیم کمپنیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
یہ پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کے کتنے ذخائر موجود ہیں؟
انہوں نے کہا کہ منافع خوری کے لیے مصنوعی قلت پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جائز کاروبار کرنے والوں کو ہراساں نہیں کیا جائے گا لیکن ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری پر قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔
احد چیمہ نے کہا کہ صوبوں میں گندم کی اضافی ضروریات کو پاسکو کے ذخائر سے پورا کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام اور کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ، گندم کی بلاتعطل فراہمی ترجیح ہے، متعلقہ حکام کو گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔


