پشاور (07 مارچ 2026): ممکنہ عالمی بحران کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر خیبرپختونخوا حکومت نے ایندھن کے استعمال سے متعلق اہم احتیاطی اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تمام سرکاری اداروں اور ماتحت دفاتر کو پیٹرولیم مصنوعات کے محدود اور محتاط استعمال کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ضروری سرکاری دوروں اور تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ سرکاری گاڑیوں کا استعمال صرف سرکاری اور ناگزیر امور تک محدود رکھا جائے گا۔
محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ ایک ہی کام کے لیے متعدد سرکاری گاڑیوں کے استعمال سے گریز کیا جائے اور ایندھن کے غیر ضروری استعمال کو ہر صورت روکا جائے۔
پٹرول مہنگا: جامعہ کراچی میں صبح کی کلاسز آن لائن کرنے کا فیصلہ
حکومت نے بین الاضلاعی اور اندرونی سرکاری اجلاس زیادہ سے زیادہ آن لائن منعقد کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے تاکہ ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں ایندھن کے استعمال کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی اور پیٹرولیم مصنوعات کو صرف ہنگامی اور انتہائی ضروری سرکاری امور تک محدود رکھا جائے گا۔
فنانس ڈیپارٹمنٹ نے تمام متعلقہ محکموں اور ماتحت دفاتر کو ان ہدایات پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


