آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے پیٹرول 4 روپے 93 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
واضح رہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ایک دن کے لیے ہوگا۔
واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے گزشتہ روز پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 35 پیسے کمی کی گئی تھی جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 71 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
یہ پڑھیں: پیٹرول پمپ مالکان کا غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان
گزشتہ روز مٹی کا تیل 5 روپے 93 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا جس کے بعد نئی قیمت 282 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن نے 22 جولائی رات 12 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔
اعلامیے کے مطابق مارجنز میں اضافے اور روزانہ پیٹرولیم قیمتوں کے نفاذ سے متعلق مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد مطالبات منظوری تک ملک گیر ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔


