اسلام آباد : پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں پھر اضافے کا امکان ہے ، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ جائزے کے دوران اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
آئل انڈسٹری کے اندرونی تخمینوں کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 75 پیسے فی لیٹر تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا کہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 270.03 روپے سے بڑھ کر 274.77 روپے فی لیٹر ہونے کی توقع ہے، اس اضافے کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت کا 139.03 ڈالر سے بڑھ کر 143.01 ڈالر فی بیرل تک پہنچنا ہے۔
اگرچہ پریمیم اور دیگر اخراجات میں معمولی کمی آئی ہے، لیکن عالمی قیمتوں میں بڑے اضافے نے اس ریلیف کو ختم کر دیا ہے۔
پیٹرول کے برعکس ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں صرف 20 پیسے فی لیٹر کے معمولی اضافے کا امکان ہے، یعنی یہ تقریباً غیر تبدیل شدہ رہے گا۔
عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمت 160.41 ڈالر سے بڑھ کر 172.99 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی، لیکن کسٹم ڈیوٹی میں 20 روپے فی لیٹر سے زائد کی کمی نے اس اضافے کے اثرات کو زائل کر دیا، جس سے صارفین ایک بڑے بوجھ سے بچ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پورے عرصے میں ڈالر کی قیمت 278.9 روپے پر مستحکم رہی، جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی کا کوئی اضافی بوجھ قیمتوں پر نہیں پڑا۔ تاہم، حتمی قیمتوں کا فیصلہ حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے ٹیکسز، پیٹرولیم لیوی اور آخری لمحات میں زرِ مبادلہ کی شرح میں ہونے والی تبدیلیوں پر منحصر ہوگا۔
اگر حکومت نے اضافی لیوی عائد نہ کی تو ڈیزل صارفین کو ریلیف ملنے کی توقع ہے، جبکہ پیٹرول صارفین کو عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کا براہِ راست سامنا کرنا پڑے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


