کراچی : وزیراعظم شہباز شریف کے گزشتہ روز کیے گئے اعلان کے باوجود پیٹرول کی قیمت کم نہ کرنے پر شہری بپھر گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مشتعل افراد کی جانب سے سرجانی ٹاؤن کے ایک پیٹرول پمپ پر شدید ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ملازمین پر تشدد اور توڑ پھوڑ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پیٹرول پمپ انتظامیہ نے واقعہ کے بعد پولیس سے رابطہ کرلیا، انتظامیہ کی درخواست موصول ہوگئی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سرجانی پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ پمپ انتظامیہ پیٹرول کی قیمت کم ہونے کے باوجود اضافی ریٹ وصول کررہی تھی، اضافی قیمت پر پیٹرول کی فروخت پر شہریوں نے ہنگامہ آرائی کی۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم کا پیٹرول پر 80 روپے کمی کا اعلان
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے لیے پیٹرول ریلیف کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیٹرول پر 80 روپے لیوی کی کمی کی جارہی ہے جس کا اطلاق ایک ماہ کے لیے پورے ملک میں ہوگا اور گزشتہ رات 12 سے پیٹرول کی نئی قیمت 458 سے کم کر کے 378 روپے فی لیٹر ہو جائے گی لیکن بعض پیٹول پمپ مالکان نے اس اعلان پر عمل درآمد نہیں کیا۔
قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ موٹر سائیکل چلانے والوں کو فی لیٹر پر 100روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ جس کا طریقہ کار بھی جاری کردیا گیا ہے۔
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔


