کمالیہ (13 ستمبر 2026): پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف شہریوں نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے موٹر سائیکل کا علامتی جنازہ نکال دیا۔
پاکستان میں یومیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور چند یوم کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر سے زائد تک اضافہ ہو چکا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے عمران شاہد کے مطابق کمالیہ میں پریشان حال عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور منفرد احتجاج کیا۔
مظاہرین نے موٹر سائیکل کا علامتی جنازہ نکالا اور موٹر سائیکل کو چارپائی پر رکھ کر لوگوں نے اس کو جنازے کی طرح باقاعدہ کاندھا دیا۔
مظاہرین نے عیدگاہ چوک سے کچی بستی تک یہ احتجاج کیا، اس دوران وہ پٹرول مہنگا ہونے کے خلاف مسلسل نعرے بھی لگاتے رہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے غریب کے لیے موٹر سائیکل چلانا بھی مشکل ہو گیا ہے اور اکثر لوگ اب موٹر سائیکلیں گھروں پر کھڑی کر کے پیدل سفر کرتے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غریب عوام کے حال پر رحم کرے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔


