اسلام آباد: حکومت نے تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے اثرات عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے تک اضافے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد مقامی قیمتوں میں بھی 5 روپے تک اضافے کا خدشہ ہے۔ اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کرلی۔
اوگرا ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 2 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 55 پیسے تک اضافے کا خدشہ ہے۔
اس وقت حکومت پیٹرول پر ساڑھے 21 فیصد، ڈیزل پر ساڑھے 27 فیصد اور مٹی کے تیل پر 17 فیصد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ بجٹ میں پیش کی جانے والی پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی اس کے علاوہ ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ٹیکس 17 فیصد وصول کیا جائے تو پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ اوگرا کی تجویز کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 89 روپے 22 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 101 روپے 47 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔
حالیہ اضافے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت ساڑھے چار سال کی بلند ترین سطح پر آجائے گی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔