اسلام آباد (17 جولائی 2026): وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ایران امریکا کشیدگی کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجہ ایران امریکا کشیدگی ہے، اوگرا ایک ہفتے میں ہونے والے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ پر فیصلہ جاری کرے گی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی جنگ سے پہلے جتنی تھی آج اس سے کم ہے، سب چاہتے ہیں جنگ کے شعلے ٹھنڈے ہوں اور دنیا میں معاشی استحکام آئے، کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہیے اصلاح کی گنجائش ہمیشہ ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں یومیہ جاری کرنے کا اعلان
وزیر اطلاعارت و نشریات نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف تمام اداروں کو ہدایت بھی کرتے ہیں اور خود نگرانی بھی کرتے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جو بھی اتار چڑھاؤ ہوگا تو قیمت ویسی ہی ہوگی، اتار چڑھاؤ میں قیمتیں کم ہوئیں تو عوام کو بھی فوری ریلیف ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ناجائز منافع کما رہی ہیں، منافع کمانا ہر کسی کا حق ہے لیکن کسی کو ذخیر اندوزی کرنے کی اجازت نہیں، ہماری ترجیح ہے کہ جہاں تک ممکن ہو سکے عوام کو ریلیف دیا جائے، خطے میں جنگ کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت نہیں ہوئی۔


