صدرپاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ ہم ہڑتال کے اپنے مؤقف پر قائم ہیں حکومت کی غلط پالیسیوں کیخلاف ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت 50فیصد ٹرانسپورٹ بند پڑی ہے روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں تبدیل ہونے سے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، وفاقی حکومت کے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہماری پاکستان بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز سے مشاورت جاری ہے وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کیخلاف بہت جلد ملک گیر ہڑتال کا اعلان کریں گے، وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں سے اور ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافے سے ہماری ٹرانسپورٹ کھڑی ہو رہی ہے، پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز تیار رہیں کسی بھی وقت ملک گیر ہڑتال کی کال دیں گے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹول ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ بھی واپس لیا جائے وفاقی حکومت ٹرانسپورٹر دشمن فیصلے کر رہی ہے پاکستان بھر کی چیمرز اور فیڈریشنز اس میں کردار ادا کریں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دے رہی ہیں ہم بار بار وفاقی حکومت سے ٹول ٹیکس،ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت موٹروے،ٹریفک پولیس کے چلان میں ریلیف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
پیٹرول پمپس ہڑتال
آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن ہڑتال کے معاملے پر تقسیم ہو گئے جس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ چیئرمین پیٹرول پمپ اونرزایسوسی ایشن ہمایوں خان کا کہنا ہے کہ آج حکومت سے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے حکومت کیساتھ مذاکرات بدقسمتی سے ناکام ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن ہڑتال جاری رکھنےکا اعلان کرتی ہے۔ اس سے قبل آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار نے ہڑتال مؤخر کا اعلان کیا تھا۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز نے کہا کہ مذاکرات ناکام ہوئے ہم 12بجے پیٹرول بند کر رہے ہیں اوگرا چیئرمین کو بتایا کہ کمپنی پوری طرح سپلائی نہیں دے رہی، 10ہزار لیٹر پیٹرول کی سیل ہے ہمیں 5ہزار لیٹر دیا جا رہا ہے مذاکرات کیلئے دروازے کھلے ہیں لیکن پمپس رات کو بند کریں گے۔


