اسلام آباد : عالمی قیمتوں اور پیٹرولیم لیوی کے پیش نظر پیٹرول 9 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہونے کا امکان ہے تاہم حکومت ٹیکسوں میں رد و بدل کرکے قیمتوں میں اضافہ کم بھی کرسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، عالمی قیمتوں اور پیٹرولیم لیوی کے پیش نظر پیٹرول کی قیمتوں میں 9 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں 13 روپے سے زائد اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں 5 ڈالر تک اضافہ ہوچکاہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف سے طے 4 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی بڑھانی ہے، پیٹرول پر اس وقت 2.9 روپےاورڈیزل پر 4.50 روپے فی لیٹر، مٹی کےتیل پر5.26 روپے اور لائٹ ڈیزل پر 2.80 روپے فی لیٹرسیلز ٹیکس عائد ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ٹیکسوں میں رد و بدل کرکے قیمتوں میں اضافہ کم بھی کرسکتی ہے ، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری رات 12 بجے سے ہوگا۔
یاد رہے 15 جنوری کو حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا ، وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3روپے ایک پیسےفی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 147روپے 83پیسے ہوگئی تھی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3روپے فی لیٹراضافہ ہوا اور نئی قیمت فی لیٹر144روپے62پیسےمقرر کی گئی۔