اسلام آباد : پاکستان میں یکم مارچ سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے ، تاہم کتنے روپے اضافہ ہوگا؟
عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات 6 روپے 88 پیسے فی لٹر تک مہنگی ہونے کاامکان ہے، پٹرول 4 روپے 58 پیسے ڈیزل 4 روپے 73 پیسے فی لٹرتک مہنگا ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مٹی کا تیل 6 روپے 88 پیسے لائٹ ڈیزل آئل 5 روپے فی لٹر مہنگا ہونے کاامکان ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ابتدائی ورکنگ تیار کرلی گئی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی ورکنگ پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گی اور قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے منظوری کی صورت میں نئی قیمتوں کا اطلاق یکم سے ہوگا اور یہ قیمتیں اگلے 15روز کے لیے نافذ العمل رہیں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں عرب لائٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 2.7 فیصد اضافہ اور سپریڈز میں معمولی اضافہ اس قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ ہیں۔
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں


