اسلام آباد : پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے ، تاہم کتنے روپے اضافہ ہوگا، اس حوالے سے اہم خبر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی ابتدائی ورکنگ تیار کر لی گئی ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل سمیت تمام مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی ورکنگ کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 39 پیسے ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 5 روپے 40 پیسے اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل میں سب سے زیادہ یعنی 6 روپے 55 پیسے اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے جبکہ مٹی کے تیل میں 4 روپے اضافے کا امکان ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کل پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی ورکنگ پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گی اور قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے منظوری کی صورت میں نئی قیمتوں کا اطلاق 16 فروری سے ہوگا اور یہ قیمتیں اگلے 13 روز کے لیے نافذ العمل رہیں گی۔
من وعن منظوری کے بعد سولہ فروری سے پٹرول کی نئی قیمت 257 روپے56 پیسے ، ڈیزل کی نئی قیمت 273 روپے 78 پیسے فی لٹر ہوجائے گی۔
اسی طرح مٹی کاتیل 179 روپے 80 پیسے، لائٹ ڈیزل 160 روپے 96 پیسے فی لٹر ہوجائے گا۔
عوامی حلقوں کی جانب سے ممکنہ اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں براہ راست اضافے کا خدشہ ہے۔
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں


