اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت آئندہ ماہ برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے اورلائٹ ڈیزل 8.29 روپے سستا کردیا ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ ماہ کے لیے پیٹرول کی قیمت کسی قسم کا اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کےبعد پیٹرول کی قیمت اگلے ماہ بھی 76 روپے 26 پیسے برقرار رہے گی جب کہ ہائی اوکٹین کی قیمت میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت نے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8.29 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 8.07 روپے فی لیٹر کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 11 سال کی کم ترین سطح پرپہنچ گئی جب کہ اوگرا نے آئندہ ماہ کے لئے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے17 پیسےفی لیٹراضافے جب کہ مٹی کا تیل 8 روپے7 پیسے، ڈیزل 5 روپے 93پیسے اور ایچ اوبی سی 4 روپے 35 پیسے فی لیٹرکمی کی تجویز دی تھی۔