پاسلام آباد : پٹرول پمپ مالکان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہفتہ وار کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولیم ڈیلرز اور پمپ مالکان ایسوسی ایشن نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے موجودہ نظام پر فوری نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیول پرائسز کو ہفتہ وار کے بجائے دوبارہ ماہانہ بنیادوں پر مقرر کیا جائے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے اس مسئلے کو فوری حل نہ کیا تو پمپ مالکان ملک گیر سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکام پر عائد ہوگی۔
پمپ مالکان کا کہنا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بار بار اور ہفتہ وار بنیادوں پر تبدیلی کرنے سے انہیں شدید مالی اور انتظامی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اونرز ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار کی وجہ سے مارکیٹ کا کاروباری استحکام بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور پٹرول پمپ چلانا شدید ترین چیلنج بن چکا ہے۔
ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ فیول پرائسز میں مسلسل اتار چڑھاؤ کی وجہ سے عام صارفین میں بھی بے چینی بڑھ رہی ہے اور روزمرہ کی خریداری کا توازن بگڑ رہا ہے۔
پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ "اگر حکومت قیمتوں کے تعین کو دوبارہ ماہانہ بنیادوں پر لے آتی ہے تو اس سے نہ صرف مارکیٹ میں معاشی استحکام آئے گا، بلکہ ڈیلرز اور صارفین دونوں کو بڑی سہولت ملے گی اور قیمتوں کا بار بار کا تعطل ختم ہو جائے گا۔”
پٹرولیم ڈیلرز نے واضح کیا ہے کہ موجودہ ہفتہ وار نظام مارکیٹ کے لیے ناقابلِ قبول ہوتا جا رہا ہے، اس لیے وزارتِ پٹرولیم اور متعلقہ حکام کو اس معاملے پر ہنگامی بنیادوں پر بیٹھ کر پمپ مالکان کے تحفظات دور کرنے چاہئیں تاکہ ملک کسی بڑے احتجاج یا فیول بحران کی طرف نہ جائے۔


