آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن ہڑتال کے معاملے پر تقسیم ہو گئے جس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
چیئرمین پیٹرول پمپ اونرزایسوسی ایشن ہمایوں خان کا کہنا ہے کہ آج حکومت سے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے حکومت کیساتھ مذاکرات بدقسمتی سے ناکام ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن ہڑتال جاری رکھنےکا اعلان کرتی ہے۔
اس سے قبل آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار نے ہڑتال مؤخر کا اعلان کیا تھا۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز نے کہا کہ مذاکرات ناکام ہوئے ہم 12بجے پیٹرول بند کر رہے ہیں اوگرا چیئرمین کو بتایا کہ کمپنی پوری طرح سپلائی نہیں دے رہی، 10ہزار لیٹر پیٹرول کی سیل ہے ہمیں 5ہزار لیٹر دیا جا رہا ہے مذاکرات کیلئے دروازے کھلے ہیں لیکن پمپس رات کو بند کریں گے۔
قبل ازیں
آل پاکستان پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن نے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی جانب سے معاملات حل کرنے کی یقین دہانی پر ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن ندیم خان نے کہا کہ ہمیں یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ مطالبات پورے ہوں گے جس کے بعد پیٹرول پمپس بند کرنے کی کال کو موخر کررہے ہیں امید ہے دو ہفتوں میں مارجن کا معاملہ حل ہوجائے گا۔
ممبر پیٹرولیم ڈیلرز راجا وسیم نے کہا کہ حکومت نے بتایا کہ پیٹرول، ڈیزل قیمتوں کا یومیہ تعین 15 دن کے لیے آزمائشی طور پر ہے، ہم بہت پریشانی کے بعد سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزیر پیٹرولیم کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں سنا، امید ہے دو ہفتوں میں حکومت ہمارے مسائل حل کرے گی۔
علی پرویز ملک کی گفتگو
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ مارجن کے معاملے کو حل کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کررہے ہیں جس کے لیے کابینہ میں سمری بھیجی جارہی ہے، اوگرا چیئرمین اور اپنی وزارت کی طرف سے معاملے کے حل کی یقین دہانی کروا رہا ہوں، معاملے کو حل کرکے جلداز جلد خوشخبری دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر معاملے میں پیش رفت نہ ہوئی تو دو ہفتے بعد دوبارہ ساتھ بیٹھیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مجبوری میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں، اوگرا کو روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل کرنا پڑ رہا ہے، شفاف اور منصفانہ انداز میں مشکل صورت حال سے نمٹا جائے گا۔


