کراچی (12 دسمبر 2025): پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر مارجن کو مسترد کرتے ہیں، حکومت سے 8 فیصد مارجن مانگا تھا اس سے کم پر کام کرنا ممکن نہیں۔
عبدالسمیع خان نے کہا کہ حکومت نے ڈیلر مارجن 8 فیصد نہ کیا تو پیٹرول پمپس بند کر دیں گے، ایسوسی ایشن مارجن پر نظر ثانی کیلیے 10 دن کا وقت دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں اضافہ کر دیا
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس وقت ڈیلرز مارجن 3.12 فیصد ہے جس میں 4.88 فیصد اضافہ کیا جائے، حکومت چاہے تو 8 فیصد اضافہ مرحلہ وار بڑھا کر دے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ حکومت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ڈیلرز کا منافع بڑھا دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے منافع اور مارجن میں اضافے سے متعلق سمری تیار کی جسے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پیش کیا گیا۔ سمری کی منظوری اور بعد ازاں کابینہ کی توثیق کی صورت میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے 40 پیسے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا تھا کہ او ایم سیز اور ڈیلرز کے منافع کی شرح 1 روپے 10 پیسے سے بڑھا کر 1 روپے 28 پیسے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی گئی۔
اوگرا نے پہلے کمپنیوں کے مارجن میں 1 روپے 35 پیسے جبکہ ڈیلرز کے مارجن میں 1 روپے 40 پیسے اضافے کی سفارش کی تھی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


