وزیراعظم شہباز شریف کے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائیوں کے اعلان پر پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا ردعمل آگیا۔
پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائیوں کے اعلان کو نہیں مانتے، مالکان کے خلاف کارروائیوں کے اعلان کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپ مالکان کوئی مصنوعی قلت پیدا نہیں کررہے، پیٹرول پمپس پر جو پیٹرول آرہا ہے وہ سیل ہورہا ہے۔
نعمان بٹ نے کہا کہ کوئی پمپ ڈیزل اور پیٹرول کو ذخیرہ نہیں کررہا، تمام پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی فروخت جاری ہے، جس حساب سے سپلائی دی جارہی ہے اسی حساب سے پیٹرول دستیاب ہے۔
یہ پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات: وزیراعظم نے بڑا حکم دے دیا
پیٹرول پمپ اونر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نے کہا کہ کارروائی آئل فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف بنتی ہے، پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی بات بلا جواز ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کو پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا، وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک ہوئے۔
وزارت پٹرولیم نے اجلاس کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، جو پٹرول پمپ مصنوعی قلت کے اس مکروہ دھندے میں ملوث ہو، اس کو فوری بند کیا جائے اور اس کا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


