اسلام آباد (11 جون 2026): پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اس سال اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اقتصادی سروے رپورٹ کے مطبق پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں رواں مالی سال 3.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹرانسپورٹ سیکٹر کی جانب سے پیٹرولیم سیکٹر کی کھپت میں 6.7 فیصد اضافہ ہوا، اس شعبے میں ایندھن کی کھپت کی کُل طلب 82 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت 1 کروڑ 12 لاکھ میٹرک ٹن رہی، صنعتی شعبے کی کھپت 42.6 فیصد کم ہو کر 4 لاکھ 33 ہزار میٹرک ٹن رہ گئی، شعبے کا ایندھن کی کھپت میں حصہ 3.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران جنگ کے دوران 3 ماہ میں عوام سے 373 ارب روپے سے زائد پیٹرولیم لیوی وصول
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق عالمی توانائی بحران اور بین الاقوامی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان میں ایندھن، بجلی اور ضروری اشیا کی فراہمی مستحکم رہی جس کا سہرا حکومتی سطح پر مؤثر منصوبہ بندی اور بروقت اقدامات کو دیا جا رہا ہے۔
حکومت پاکستان نے ایندھن کے کم از کم چار ہفتوں کے ذخائر برقرار رکھتے ہوئے ملک بھر میں سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنایا۔ اس دوران توانائی اور سپلائی سے متعلق امور میں بہتر رابطہ کاری کیلیے قومی رابطہ و انتظامی کونسل بھی تشکیل دی گئی۔
حکام کے مطابق تیل، اشیائے ضروریہ، زرمبادلہ کے ذخائر اور سپلائی چین کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کیلیے ریئل ٹائم ڈیش بورڈز متعارف کروائے گئے جس سے فیصلہ سازی کے عمل کو مزید موثر بنایا گیا۔


