اسلام آباد(یکم مئی 2026): پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شامل ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مارجن کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شامل ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مارجن کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 129 روپے 72 پیسے کے ٹیکسز اور مختلف چارجز شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 32 فیصد حصہ ٹیکسوں کا ہے، جس میں 103 روپے 50 پیسے پٹرولیم لیوی اور 23 روپے 72 پیسے کسٹم ڈیوٹی کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 32 پیسے فریٹ چارجز اور 7 روپے 87 پیسے او ایم سی مارجن بھی شامل ہے۔
دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں ٹیکسوں کا تناسب 21 فیصد ہے، جس میں فی لیٹر 82 روپے 81 پیسے کے ٹیکسز اور ڈیوٹیز عائد ہیں۔ ڈیزل پر 51 روپے 62 پیسے کسٹم ڈیوٹی اور 28 روپے 69 پیسے لیوی مقرر ہے۔
مزید برآں، ڈیزل پر 17 روپے 14 پیسے فریٹ، 7 روپے 87 پیسے او ایم سی اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن کی مد میں شامل ہیں۔
انتہائی تشویشناک اعداد و شمار ایچ او بی سی کے حوالے سے سامنے آئے ہیں جہاں لیوی کی شرح 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ پٹرول، ڈیزل اور ایچ او بی سی پر 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر ‘کلائمیٹ سپورٹ لیوی’ بھی عائد کی گئی ہے۔
مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں ٹیکسز کا تناسب 6 فیصد ہے، جس میں مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے اور لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے۔
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں


