وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو ممکنہ حد تک کم رکھا جائے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قائم کمیٹی کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں ذخائر کی صورت حال کا جامع جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی کو خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ ذخائر اور درآمدی انتظامات، سپلائی چین کی لاجسٹکس سے متعلق بریفنگ دی گئی، کمیٹی اراکین کو راستے میں موجود کارگو جہازوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
یہ پڑھیں: امریکی اور توانائی ایجنسی کے اقدامات تیل کی قیمتوں میں کمی لانے میں ناکام
کمیٹی ارکان نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم ذخائر تسلی بخش سطح پر ہیں، سپلائی چین مؤثر انداز میں کام کررہی ہے، آئندہ ہفتے سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے مناسب انتظامات موجود ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عالمی توانائی منڈیوں میں اس وقت نمایاں اتار چڑھاؤ ہے، بروقت منصوبہ بندی کی بدولت ملک میں سپلائی صورتحال مستحکم ہے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں عالمی سطح پر خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا، ممکنہ بیرونی منظرناموں کے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


