واشنگٹن (01 اکتوبر 2025): ٹرمپ انتظامیہ نے دوا ساز کمپنی فائزر کے ساتھ ایک معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت مریض وفاقی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی ایک نئی ویب سائٹ کے ذریعے نسخے کی دوائیں رعایتی قیمتوں پر خرید سکیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دواساز کمپنی فائزر (Pfizer) کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت کچھ ادویات کی قیمتیں براہِ راست صارفین کے لیے قائم کی گئی ویب سائٹ TrumpRx پر 85 فی صد تک کم کر دی جائیں گی۔
روئٹرز کے مطابق فائزر نے وعدہ کیا ہے کہ کم آمدنی والے امریکیوں کے لیے حکومت کے عوامی ہیلتھ انشورنس پروگرام میڈیکیڈ (Medicaid) کے لیے بھی ادویات کی قیمتیں کم کر دے گا، اور اس اقدام کے نتیجے میں کمپنی کو ٹیرف (درآمدی محصولات) ادا کرنے سے استثنا حاصل ہوگا۔
اگر مجھے امن کا نوبل انعام نہ ملا تو یہ امریکا کے لیے بڑی توہین ہوگی ، ڈونلڈ ٹرمپ
معاہدے کے تحت دوا ساز کمپنی نے میڈیکیڈ پروگرام میں نسخے کی ادویات کی قیمتیں دیگر ترقی یافتہ ممالک میں مقرر قیمتوں کے برابر کرنے کا وعدہ کیا ہے، اور اس کے بدلے میں امریکا نے فائزر پر عائد ٹیکسوں میں رعایت دی ہے۔
اس وقت امریکی مریض نسخے کی دوائیوں کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ قیمت ادا کرتے ہیں، جو دیگر ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے تقریباً 3 گنا زیادہ ہوتی ہے، اور ٹرمپ دوا ساز کمپنیوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ امریکا کے لیے اپنی قیمتیں دنیا کے دیگر ممالک کی سطح پر لے آئیں۔
وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ ’ٹرمپ آر ایکس‘ کی شروعات 2026 میں ہوگی، اس پر صارفین براہ راست ادویات خرید سکیں گے اور فائزر کمپنی اس کا حصہ ہوگی۔ یاد رہے کہ ٹرمپ نے 17 دواساز کمپنیوں کو خطوط بھیجے تھے جن میں انھیں قیمتیں کم کرنے کے مطالبے پر جواب دینے کے لیے 60 دن کی مہلت دی گئی تھی، یہ مدت اسی ہفتے ختم ہوئی ہے۔
ٹرمپ نے اوول آفس میں ایک تقریب میں کہا کہ امریکا دنیا کے باقی ممالک کی ہیلتھ کیئر کو مزید سبسڈی نہیں دے گا۔ اس تقریب میں فائزر کے سی ای او البرٹ بورلا، صحت کے سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر اور دیگر موجود تھے۔
دریں اثنا، کئی دوا ساز کمپنیوں نے اپنی چند دواؤں کی قیمتیں کم کر دی ہیں جو صارفین کو براہ راست دستیاب ہوں گی، اور جو امریکی لابی گروپ PhRMA کی نئی ویب سائٹ پر درج ہوں گی، تاہم اس کے ساتھ ہی انھوں نے برطانیہ میں اپنی دواؤں کی قیمتیں بڑھا دی ہیں تاکہ امریکا میں قیمتوں میں کمی کے اثرات کو پورا کیا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


