تازہ ترین

پی ایف یو جے کا ارشد شریف کے قاتلوں کی گرفتاری میں تاخیر پر اظہارِ تشویش

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے کینیا میں شہید کیے جانے والے سینئر صحافی ارشد شریف کے قاتلوں کی گرفتاری میں تاخیر پر اظہارِ تشویش کر دیا۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی زیرِ صدارت اجلاس میں صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے سینئر صحافی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو جاری نوٹسز پر غور کیا گیا۔ سینئر صحافی شاہد اسلم کی گرفتاری اور ذرائع معلوم کرنے کے لیے دباؤ کو مسترد کیا گیا۔ پیکاتر میمی آرڈیننس کی واپسی سے متعلق حکومتی وعدہ خلافی پر بھی گہری تشویش ظاہر کی گئی۔

پی ایف یو جے نے حکومت کے دباؤ پر سینئر صحافی عماد یوسف کے خلاف کیس میں سزائے موت جیسی دفعات شامل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مقدمے کو آزادی صحافت پر حملے کے مترادف قرار دیا۔

اجلاس نے قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا کہ عماد یوسف کو انصاف فراہم نہ کیا گیا تو احتجاج کیا جائے گا، کیس کی دوبارہ تحقیقات کے لیے صحافیوں پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے، کیس کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔

پی ایف یو جے نے فیصلہ کیا کہ سینئر صحافیوں کا وفد سرکاری حکام سے ملاقاتیں کرے گا، انصاف کے تقاضے پورے نہ ہوئے تو 30 جنوری کو ریلی نکالی جائے گی۔ نیشنل پریس کلب سے پارلیمنٹ ہاؤس تک مارچ کیا جائے گا، پارلیمنٹ ہاؤس پر ریلی دھرنے میں تبدیل کر دی جائے گی۔

Comments

- Advertisement -