اسلام آباد : مہمان کے تجزیے پر اے آر وائی نیوز کے ہیڈ آف نیوزعمادیوسف پر مقدمے میں فرد جرم عائد کی جارہی ہے ، جس پر پی ایف یوجے کی صحافیوں سے اسلام آباد پہنچنے کی اپیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کیخلاف ن لیگ کی حکومت کی انتقامی کارروائیاں جاری ہے ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نےصحافیوں سے آج صبح ضلع کچہری اسلام آباد پہنچنے کی اپیل کردی۔
پی ایف یوجےکے صدر افضل بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ صحافی پر ایسی فردجرم عائد ہو رہی ہے جس کی سزا موت ہے۔
افضل بٹ کا کہنا تھا کہ مہمان کے تجزیے پر ہیڈآف نیوز پر مقدمےمیں فردجرم عائد کی جارہی ہے، جس میں سزائے موت کی دفعہ شامل ہے، آج ایک صحافی کو ایسے سزا دی جارہی ہے تو کل کسی بھی صحافی کو بھگتنا پڑسکتا ہے۔
صدر پی ایف یو جے نے کہا کہ صحافی برادری عالمی سطح پر ملک کو بدنامی سے بچانے کیلئے کھڑے ہوں، صحافی برادری ہیڈآف اےآروائی نیوز عمادیوسف کو انصاف کیلئے آواز بلند کرے، تاکہ اس غیرمنصفانہ سلسلے کے آگے بند باندھا جا سکے۔
انھوں نے کہا کہ صحافی برادری آج صبح ساڑھےدس بجے ضلع کچہری اسلام آباد پہنچیں۔
یاد رہے عماد یوسف کو اے آر وائی نیوز پر پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کا بیان نشر کرنے کے بعد نو اور 10 اگست کی درمیانی شب کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقعے ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 63 کے تحت مقدمہ درج کرلیا تھا۔
بعد ازاں عدالت نے اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کو فوجداری مقدمے سے بری کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔