لاہور(13 اپریل 2026): پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عمر کی غلط بیانی پر 9 کھلاڑی کو نیشنل انڈر 18 ہاکی ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی اسکروٹنی کمیٹی نے میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 9 کھلاڑیوں کو نیشنل انڈر 18 یوتھ ہاکی گیمز سے باہر کر دیا ہے۔ ان کھلاڑیوں کو عمر کی غلط بیانی اور مقررہ حد سے زائد العمر ہونے پر ٹورنامنٹ میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔
ترجمان پی ایچ ایف کے مطابق کھلاڑیوں کی عمر کی تصدیق کے لیے نادرا کے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی مدد لی گئی۔ سخت تصدیقی عمل اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد یہ بات ثابت ہوئی کہ مذکورہ کھلاڑیوں کی عمریں انڈر 18 کے زمرے سے تجاوز کر چکی ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ فیڈریشن شفافیت اور میرٹ کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے اور کسی بھی سطح پر بدنیتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پی ایچ ایف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ حق دار اور باصلاحیت نوجوان ایتھلیٹس کے لیے منصفانہ مقابلے کی فضا کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ نچلی سطح پر بہترین ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


