کراچی : سابق چیئرمین پی آئی اے کے تحفے اب تک فضائی میزبانوں کونہ مل سکے، چوہدری احمد سعید نے اسی لاکھ روپے کے تحفے دیئے تھے، تحفے میں فضائی میزبانوں کو یونیفارمز اورجوتے دیئے گئے تھے، اے آر وائی نیوز نے فضائی میزبانوں کے مسائل کی نشاندہی کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی ایئر ہوسٹسز کے یونیفارمزاورجوتوں کی خستہ حالی دیکھ کر اسی لاکھ روپے دیئے گئے تھے جو با اثرافراد نے ہڑپ کرلیے۔
فضائی میزبانوں کو پرانے یونیفارم اورخستہ حال جوتوں میں ڈیوٹی کرنی پڑتی ہے، ایک فضائی میزبان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ہوائی اڈوں پرخستہ حال جوتوں میں جاتے ہوئے شرم آتی ہے اور پرانی یونیفارم بھی شرمندگی کاباعث بنتی ہے۔
فضائی میزبانوں کی شکایت پرسابق چیئرمین نے اسی لاکھ روپے کا تحفہ دیا تھا، مذکورہ تحفہ کی رقم کو سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن کے سپرد کیا گیا تھا، تحفہ وصول کرنے کے لیے باقاعدہ ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریب میں چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل بھی موجود تھے۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ چھ ماہ قبل دیا گیا تحفہ کہاں گیا؟ کسی کو کچھ خبرنہیں، فضائی میزبانوں کی یونیفارم اورجوتوں کے لیے فیشن شو بھی کیا گیا تھا، فیشن شو پر بھی کروڑوں روپے خرچ کیے گئے۔
اس فیشن شو کے بعد صرف پریمیئرسروس کی فضائی میزبانوں کویونیفارم ملی، کسی فضائی میزبان کے پاس فیشن شو والی یونیفارم اورجوتے نہیں ہیں، فیشن شو میں پی آئی اے کے اعلیٰ افسران کو نوازا گیا۔