The news is by your side.

Advertisement

پی آئی اے اورملک کے کاروباری طبقے کے درمیان اہم معاہدہ

کراچی: قومی ایئرلائن پی آئی اے کی بحالی کے لیے ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے ادارے اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان باہمی مفادات کی یادداشت پر دستخط ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان کاروباری افرادف کو مزید سہولیات فراہم کرنے کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت کاروباری برادری قومی ایئر لائن کو ترجیح دے گی ۔

اس موقع پر قومی ایئر لائن کے سی ای او ایئر مارشل ارشد خان نے کہا کہ کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پی آئی اےفیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ملک بھر میں دفاتر پر اپنے بکنگ دفاتر قائم کرے گی اور ملک کے بڑے ایئر پورٹس پر ایک خصوصی کاؤ نٹر بھی مختص کیا جائے گا۔

ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ فیڈریشن سفری سہولیات کے لئے پی آئی اے کو ترجیح دے گی اور اپنے کاروبار کی تشہیر کے لئے بھی پی آئی اے کواستعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی آمدن میں 40 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔پی آئی اے کی ترقی اور بحالی کے لئے کاروباری برادری کی جانب سے ان کے تجربے، مشوروں اوربھر پور تعاون کی اشد ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے میں ترقی کی بھر پور صلاحیت موجود ہے۔کاروباری برادری کارگو کے لئے پی آئی اے کی سہولت سے استفادہ کرے۔

اس موقع پر صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدردارو خان اچکزئی کی قیادت میں ملک کے معروف کاروباری افراد نے پی آئی اے کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قومی ائر لائن کی حالیہ کار کردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

چیئر مین یونائیٹڈ گروپ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری قومی ائر لائن کے ساتھ گہرے اور مستحکم تعلقات کی خواہش مند ہے۔انہوں نے پی آئی اے میں ہونے والی بہتری کو سراہتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں