کراچی: پاکستان اسٹیت آئل (پی ایس او) کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن (پی ایس او) کی آج کی فیول ادائیگی کی لمٹ ختم ہوگئی۔
ترجمان پی ایس او کے مطابق آج کی ادائیگی کے حساب سے 13 پروازوں کو فیول دیا جا رہا ہے، پی آئی اے نے آج 12 کروڑ 50 لاکھ روپے ادا کیے۔
پی ایس او کے مطابق قومی ایئر لائن جتنی ادائیگی کرے گا اتنا فیول دیا جائے گا، پی آئی اے کل ادائیگی کے ساتھ فیول فراہمی کیلیے پروازوں کا شیڈول بھی دے گا۔
گزشتہ روز پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان واجبات کی عدم ادائیگی کے تنازعے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی تھی۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا تھا کہ ایئر لائن یومیہ بنیادوں پر کھپت کے حساب سے پی ایس او کو ادائیگیاں کرے گی۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے فلائٹ شیڈول کے مطابق اپنے جہازوں کیلیے پی ایس او سے فیول خریدے گی، ملک کے تمام ائیرپورٹ پر جہازوں کیلیے ایندھن لیا جائے گا جن کے بارے میں پی آئی اے پی ایس او کو باقاعدہ آگاہ کرے گا۔
قبل ازیں اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں مجوزہ طور پر یہ طے کیا گیا تھا کہ پی آئی اے یومیہ بنیادوں پر پی ایس او کو دس کروڑ روپے کی ادائیگی کرے گی تام بعد ازاں فریقین میں اس معاملے پر اتفاق رائے ہوگیا۔