کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے آپریشن بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی موزوں کرایہ متعارف کرادیئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنے برطانوی آپریشن کے باضابطہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ برطانیہ کے لیے آپریشن کا آغاز 25 اکتوبر سے ہوگا، پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتے اور منگل کو ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی۔
اسلام آباد سے پرواز دوپہر 12 بجے روانہ ہوکر شام 5 بجے مانچسٹر پہنچے گی جبکہ واپسی کی پرواز شام 7 بجے مانچسٹر سے روانہ ہوکر صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مانچسٹر کی پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں لندن اور برمنگھم کے لیے بھی پروازیں شروع کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں : برطانیہ کیلئے براہ راست پروازیں! مسافروں کے لئے اہم خبر
ایئرلائن ترجمان نے بتایا کہ بکنگ کھول دی گئی ہے جبکہ مسافروں کے لیے انتہائی موزوں کرایہ متعارف کرایا گیا ہے، اس روٹ کی بحالی سے مسافر 15 گھنٹے کے بجائے صرف 8 گھنٹوں میں اپنی منزل پر پہنچ سکیں گے۔
پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے لندن میں بتایا کہ برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ جاری کر دیا ہے جو پروازوں کی بحالی کے لیے درکار آخری دستاویز تھی۔
اس سے قبل پی آئی اے کو برطانیہ میں پروازوں کے لیے تھرڈ کنٹری آپریٹر کی منظوری بھی مل چکی ہے۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ پروازوں کی بحالی سے برطانیہ میں مقیم 17 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو سفری سہولت میسر آئے گی۔
انہوں نے برطانوی سی اے اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


