پی آئی اے کا اندرون ملک پروازوں کے کرائے میں کمی کا اعلان

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن( پی آئی اے) نے اندرون ملک کی پروازوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے اندرون ملک کی پروازوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے لیے کرایہ 12ہزار روپے رکھا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ اندرون ملک کے لیے پروازوں پر یکطرفہ 12ہزار کرایہ وصول کیا جائے، 12ہزار روپے کرایے میں ٹیکس بھی شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ کرایوں میں کمی کا اطلاق آج سے ہی ہوگا۔
پی آئی اے میں زیادہ تنخواہ یافتہ طبقے کی تنخواہوں میں عارضی کمی کا فیصلہ
اس سے قبل رواں ماہ 10 جون کو پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ایک دہائی سے زائد سے مالی خسارے میں ہے اور فضائی آپریشن 10فیصد رہ گیا ہے، اسی لیے زیادہ تنخواہ یافتہ طبقے کی تنخواہوں میں عارضی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
ارشد ملک کا کہنا تھا کہ گروپ ایک سے چار تک کے ملازمین کی تنخواہوں کمی نہیں کی جائے گی جبکہ ایک لاکھ سے 2 لاکھ روپے تنخواہ پر 10 فیصد ، 2 لاکھ سے 5 لاکھ تک 15 فیصد اور 5 لاکھ سے زائد تنخواہ پر 25 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔