کراچی: پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل کراچی میں طلب کرلیا گیا، اجلاس میں ہلڈن برنڈ کو بھی مبینہ طور پر طلب کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں پی آئی اے کے جرمنی نژاد قائم مقام سی ای او کے حوالے سے اہم فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ بیس روز کی جبری رخصت پر جانے والے سی ای او برنڈ ہلڈن برینڈ کو طلب کیا جا سکتا ہے۔ سی ای او برنڈ کا نام ائیربس 310 کی جرمن میوزیم کو مبینہ فروخت،مہنگی لیز پر ایئربس 330 طیاروں کے حوالے سے ایف آئی اے تحقیقات میں بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ ہلڈن برینڈ کے خلاف ائر لائن کی انٹرنل کمیٹی بھی تحقیقات کر رہی ہے، ذرائع کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں برینڈ ہلڈن برینڈ کے حوالے سے تین مبینہ آپشن زیر غور ہوں گے۔
پہلے آپشن میں ہلڈن برینڈ کو ان کے اصل عہدے سی او او پر واپسی اور تحقیقات کا سامنا کرنے کا کہا جائے گا، رخصت میں اضافے کے ساتھ تحقیقات کا سامنا کرنے کا آپشن دوسرا ہو گا، اس کے علاوہ تیسرے آپشن کے تحت لازمی طور پراستعفیٰ بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ جرمن سی ای او برنڈ ہلڈن برینڈ کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں پہلے سے شامل ہے۔