کراچی : غیر ملکی ماہرین پر مشتمل 4رکنی وفد پی آئی اے کے بزنس پلان کا جائزہ لینے کل پاکستان پہنچے گا اور پی آئی اے کی اصلاحات اور مستقبل کے حوالے سے تجاویز دے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کی بحالی کیلیے بزنس پلان کے معاملے پر غیر ملکی ماہرین پر مشتمل 4رکنی وفد کل پاکستان پہنچے گا، سی اے اے نے برطانیہ، ساوتھ افریقہ اور پرتگال سے آنے والے ماہرین کو خصوصی اجازت دے دی ۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر ایئرٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، پی آئی اے نے سی اے اے کو درخواست دی تھی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کیٹگری سی ممالک سے آنے والوں پر کورونا کے باعث پاکستان داخلے پر پابندی ہے ،غیر ملکی وفد ترکش ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے اتوار کو کراچی پہنچے گا، وفدمیں چیرس ہڈسن،اسٹوارٹ میتھسن،تھیونس پوٹگیٹر،پاولوننس شامل ہیں۔
قومی ایئرلائن نے ٹینڈر کے ذریعے ایاٹا کنسلٹنسی سروس کو بزنس پلان بنانے کیلئے ہائر کیا ہے، غیر ملکی ماہرین کا وفد وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین ، وزارت خزانہ اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات کرے گا۔
ملاقات میں پی آئی اے کی اصلاحات اور مستقبل کے حوالے سے تجاویز دے گا ، دورے کے دوران کنسلٹنٹ ٹیم پی آئی اے کے بزنس پلان کا جائزہ لے گا، وفد کا پاکستان پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ لازمی ہوگا اور قرنطینہ میں بھی رہنا ہوگا۔