اسلام آباد : قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) نے پاکستان کے لئے سفری سہولت میں نرمی کے بعد برطانیہ اور یورپی ممالک کے لیے چار ٹرڈ فلائٹ آپریشن وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بر طانیہ کی جانب سے پاکستان کےلئےسفری سہولت میں نرمی کے معاملے پر پی آئی اے نے برطانیہ اور یورپی ممالک کے لیے چارٹرڈ فلائٹ آپریشن وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس سلسلے میں فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کے لیے چارٹر طیارہ کمپنیوں سے درخواستیں طلب کرلیں گئیں ہیں۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ چارٹرسروس کے لیے 250نشستوں والے جہازدرکار ہوں گے، پروازیں لندن، مانچسٹر ،برمنگھم، پیرس ، میلان کےلیےچلائی جائیں گی۔
خیال رہے برطانیہ نے پاکستانی شہریوں کو نادرا کا کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ دکھا کر برطانیہ کے سفر کی اجازت دی ہے، برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ منظور شدہ ویکسین لگوانے والے افراد بغیر قرنطینہ برطانیہ آسکیں گے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی منظور شدہ ویکسینز میں برطانیہ کی تیار کردہ ویکسین ایسٹرازینیکا، جونسنز اینڈ جونسنز، امریکی کمپنی کی تیار کردہ ویکسین موڈرنا اور فائزر شامل ہیں۔