جمعہ, جولائی 17, 2026
اشتہار

ملازمین کی ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں منسوخ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پی آئی اے ملازمین کی ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں صبح 10 سے 3 بجے تک دفاتر طلب کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کو نجی کنسورشیم کے حوالے کرنے کے عمل سے قبل سب سے اہم عالمی آڈٹ کرنے کے لیے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ماہرین کی ٹیم کل پاکستان پہنچے گی۔

پی آئی اے کا یہ انتہائی اہم ‘انٹرنیشنل آپریشنل اینڈ سیفٹی آڈٹ’ 8 جون کو شیڈول ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس اہم ترین عالمی آڈٹ کے پیشِ نظر پی آئی اے انتظامیہ نے ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کے باوجود متعلقہ شعبہ جات کے ملازمین کو فوری طور پر دفاتر طلب کر لیا ہے۔

ملازمین کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ آڈٹ کے لیے مطلوبہ تمام ریکارڈز اور دستاویزات کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ رکھیں۔

ہنگامی احکامات کے تحت ملازمین ہفتہ اور اتوار کو صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک دفاتر میں موجود رہ کر کام لازمی مکمل کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایاٹا کی یہ ماہر ٹیم پی آئی اے کے تمام شعبوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کرے گی، جس میں خاص طور پر ایئرلائن کے اندر ‘سیفٹی مینجمنٹ سسٹم’ کے نفاذ اور اس پر ہونے والے عمل درآمد کی جانچ کی جائے گی۔

ہوا بازی کے ماہرین کے مطابق ایاٹا کا یہ سیفٹی آڈٹ پی آئی اے کی حفاظتی امور سے متعلق عالمی درجہ بندی کا فیصلہ کرے گا، جو نجکاری کے عمل اور مستقبل کی بین الاقوامی پروازوں کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں