کراچی: پی آئی اے کے کرائے پر دیئے گئے ایئربس اے 310 کو فلم کی شوٹنگ میں استعمال کرنے کا معاملہ اہمیت اختیار کرگیا، طیارے کو ممکنہ طور پر کرائے پر دیئے جانے سمیت جرمن میوزیم کے حوالے کیے جانے کے لیے بھی بورڈ آف ڈائریکٹرز سے کوئی منظوری نہیں لی گئی۔
ذرائع کے مطابق طیارے کو مبینہ طور پر اسلام مخالف فلم کی شوٹنگ کے لیےمتعلقہ فلم ساز کمپنی کو کرائے پر دیا گیا تھا اور پی آئی اے انتظامیہ سمیت بورڈ آف ڈائریکٹرز مبینہ طور پر لاعلم ہیں، پی آئی اے کے طیارے کو غیر مسلم ملک کی فضائی کمپنی کی ملکیت ظاہر کرکے فلسطینی ہائی جیکر کی ہائی جیکنگ میں دکھایا گیا ہے۔
طیارے کی باڈی پر ایئر فرانس لکھا گیا جبکہ دم پر سبز پرچم کے ساتھ پی آئی اے درج ہے، معاملے کی وضاحت پر پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں دو متضاد باتیں درج ہیں، جن میں طیارے کو جرمن میوزیم کے حوالے کیے جانے کے علاوہ فلم ساز کمپنی کو کرائے پر دیا جانا درج ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے ایک فلم پروڈکشن کمپنی کو ایئربس 310 طیارے کو کرایے پردیا ہے ،پی آئی اے ایئربس 310 طیارے کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اس مقصد کے لیے اشتہارات بھی دیے جائیں گے۔