بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

4 بڑے ایئر پورٹس سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحال

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے ملک کے 4 بڑے ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا، وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن لانے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کھولے جانے کے بعد پی آئی اے نے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا جہاں معمول کے مطابق پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔

اس موقع پر پی آئی اے کے آپریشنل عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن لانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافر جن کے ویزے کی معیاد ختم ہو رہی ان کو ترجیح دی جارہی ہے۔ اب تک 5 ہزار سے زائد مسافروں کو مختلف ممالک سے وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔

دوسری جانب ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن 4 مارچ پیر کے روز دن ایک بجے سے بحال ہوگا، صورتحال کے مطابق ائیر پورٹ کا فلائٹ آپریشن شیڈول تبدیل ہوسکتا ہے۔

اس دوران لاہور سے بیرون اور اندرون ملک جانے والی 36 جبکہ بیرون اور اندرون ملک سے لاہور آنے والی 38 پروازوں کومنسوخ کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر کھولا گیا تھا جس میں پہلے مرحلے میں صرف کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال کیا گیا۔ لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد سمیت دیگر ایئر پورٹس پر فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے۔

پاکستان کی فضائی حدود کو  پاک بھات کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح اگلی رات 12 بجے تک کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام ایئرپورٹس پر تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیے گئے۔

اس دوران بھارت جانے والی کئی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان آنے والی کئی فلائٹس کو مقررہ مقام کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر اتار لیا گیا تھا۔

28 فروری کی رات تک کے لیے کی جانے والی فضائی حدوو کی بندش میں کل مزید توسیع کردی گئی تھی۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں