ہفتہ, جولائی 11, 2026
اشتہار

ایئرکرافٹ انجینئرز کا احتجاج، پی آئی اے کی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایئرکرافٹ انجینئرز کے احتجاج کے باعث قومی ایئرلائن کی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں ، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے ایئرکرافٹ انجینئرز کے احتجاج کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوگیا، مختلف شہروں سے پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

ایئرکرافٹ انجینئرز کی ہڑتال کے باعث مجموعی طور پر 6 پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔

قومی ایئرلائن کی اسلام آباد سے دمام جانے والی پرواز پی کے 245 اور اسلام آباد سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 741 6 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں۔

اسی طرح کراچی سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 761 بھی 10 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی جبکہ پشاور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 283 ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

تاہم کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 783 اور لاہور سے کراچی کی پرواز پی کے 303 مقررہ وقت پر روانہ ہوئیں۔

مزید پڑھیں : ملک بھر میں پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن رک گیا

ترجمان پی آئی اے کے مطابق فلائٹ شیڈول کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں اور احتجاجی معاملے کے حل کے لیے انتظامیہ اور انجینئرز کے درمیان مذاکرات ہو رہے ہیں۔

خیال رہے پی آئی اے انتظامیہ اورایئرکرافٹ انجینئرز کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا ، جس کے بعد ایئرکرافٹ انجینئرزنےطیاروں کی کلیرنس روک دی، جس کے بعد کئی پروازیں روانہ نہ ہوسکیں۔

سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجینئرز کا کہنا ہے سی ای او کا رویہ ٹھیک ہونےتک کام نہیں کریں گے۔

پی آئی انتظامیہ نے متبادل انجینئرز کی تلاش شروع کر دی ہے ، جلد تمام پروازیں روانہ کردی جائیں گی، سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجینئرزکی کوئی قانونی حیثیت نہیں ، تحریک کا بنیادی مقصد حتمی مراحل میں داخل ادارے کی نجکاری کوسبوتاژ کرناہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ ہے جس کے تحت ہڑتال یا کام چھوڑنا قانوناً جرم ہے، ایسی کارروائیوں میں مشغول یا پشت پناہی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائیں گی۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں