پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) ہیڈ آفس میں 24 گھنٹے سے انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے تمام شعبوں میں انٹرنیٹ معطلی سے کام رک گیا ہے، انٹرنیٹ گزشتہ روز ڈیٹا سینٹر میں اچانک آگ لگنے سے متاثر ہے۔
گزشتہ روز پی آئی اے کے ڈیٹا سینٹر میں آگ سے یو پی ایس بیٹری متاثر ہوئی۔
واضح رہے کہ (پی آئی اے) انتظامیہ اور سیپ کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا ہے، جس کے باعث قومی ایئرلائن کو تکنیکی اور مینٹی ننس مسائل کا سامنا ہے۔
ذرائع نے کہا تھا کہ متعدد طیارے فنی خرابیوں اور مینٹی ننس تاخیر کے باعث آپریشن کے لیے دستیاب نہیں، جس سے پروازوں کی منسوخی اور تاخیر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان سیپ کا کہنا تھا پرواز پی کے-225 اب بھی ڈیلی چیک کے تحت گراؤنڈ پر ہے، جبکہ اے320 طیارہ (رجسٹریشن AP-BMX) انجن نمبر ایک کے ایگزاسٹ کون سلیو میں خرابی کے باعث سروس سے نکال دیا گیا، نتیجتاً پروازیں پی کے-308، 309، 451 اور 452 منسوخ کردی گئیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کئی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک پروازوں میں بھی نمایاں تاخیر کا سامنا ہے، اسکِلڈ ٹیکنیکل اسٹاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ضروری اسپئیر پارٹس و کمپونینٹس کی دستیابی کے لیے مؤثر سپلائی چین سسٹم قائم کیا جائے۔


