The news is by your side.

Advertisement

پی آئی اے کے ریٹائر ملازمین کی پنشن میں 25فیصد تک اضافہ

کراچی : پی آئی اے نے ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں اضافہ کر دیا، اضافے کا اطلاق یکم مئی 2019 سے ہو گا جبکہ بیواؤں کو تاحیات پینشن اضافے کے ساتھ ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کی خصوصی کاوشوں سے 6 سال سے زیر التوا ریٹائر ملازمین کی پینشنوں میں اضافے کا مسئلہ حل ہوا۔

پی آئی اے میں ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن کی مد میں اوسطا” 15 جبکہ زیادہ سے زیادہ 25 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

تیس برس قبل ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پینشن میں 25 فیصد اور 20 برس قبل کے ملازمین کی پینشن میں 20 فیصد ہوا جبکہ 10 برس سے پہلے ریٹائر ہونے والوں کی پینشن میں 15 فیصد اور 10 برس سے کم مدت والے ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

اضافے کا اطلاق یکم مئی 2019 سے ہو گا اور بیواؤں کو تاحیات پینشن اضافے کے ساتھ ملے گی۔

مزید پڑھیں : پی آئی اے کی500 سے زائد فضائی میزبانوں کو ترقی دینے کا فیصلہ

پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے ریٹائرڈ ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلےمیں بورڈ آف ڈرایکٹرز کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے اس اہم مسئلے پر ہمدردانہ غور کیا اور اس کی منظوری دی ۔

دریں اثناء ریٹائرڈ ملازمین کی تنظیم پیارے کے صدر یونس کاکا خیل، جنرل سیکرٹری سید طاہر حسن اور سینئر نائب صدر چوہدری اعظم نے پینشن میں اضافے پر ائیر مارشل ارشد ملک اور بورڈ آف ڈرایکٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں