کراچی: قومی ایئرلائن نے اندرونِ ملک جانے والی پروازوں کے کرایوں میں اچانک تیرہ سو روپے کا اضافہ کردیاہے،بزنس کلاس کے یکطرفہ کرایوں میں پانچ ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو فروری کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہڑتال کے باعث پی آئی اے کو ہونے والے نقصان کو پورا کرنے کے لئے پی آئی اے نے اچانک کرایوں میں اضافہ کیا ہے۔
پی آئی اے کی کراچی، اسلام آباد اور لاہور، پشاور جانے والی پروازوں میں کرایوں کا اطلاق یکم اپریل سے نافذ العمل کیا گیا ہے لاہور اسلام آباد سترہ ہزار آٹھ سو سے ایک ہزار روپے اضافہ کرکے اٹھارہ ہزارآٹھ سو کردیا گیاجبکہ بزنس کلاس کے کرایوں میں تیس ہزار سے بڑھا کر پینتیس ہزار روپے کردیا گیا۔
کراچی سمیت مختلف ایئرپورٹس پر پی آئی اے کے عملے نے مسافروں سے اضافی رقم وصول کرنا شروع کردی زیادہ تر مسافورں نے یکم اپریل سے قبل اپنی نشستوں کی بکنگ کرائی ہوئی تھی۔
کرایوں میں اضافہ ہونے پر مختلف ایئرپورٹس پر اضافی رقم وصول کرنے پر مسافروں کا پی آئی اے کے عملے سے تلخ کلامی کا ماحول دیکھنے میں آیا، مسافروں نے اضافی رقم دینے سے انکار کردیا۔