اسلام آباد : پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے والوں کے لئے ہدایات جاری کردیں ، جس میں متحدہ عرب امارات پہنچنے والے مسافر کیلئے پاس کم از کم دو ہزار درہم ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزٹ ویزا پر متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کیلئے پی آئی اے نے ہدایت نامہ جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات پہنچنے والے مسافر کیلئے پاس کم از کم دو ہزار درہم ہونا لازمی ہوگا۔
ہدایات میں کہا گیا شو منی کے علاوہ واپسی کا کنفرم ٹکٹ اور کنفرم ہوٹل بکنگ بھی لازمی ہوگی جبکہ ہوٹل کے بجائےکسی کے پاس ٹھہرنے کی صورت میں رہائشی پتہ کی تفصیلات ہونا لازمی ہوں گی۔
جاری ہدایت نامے کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ بورڈنگ سے قبل یا پاکستانی امیگریشن حکام مسافروں کی شرائط کا پورا ہونا چیک کرسکتے ہیں۔
خیال رہے گذشتہ روز دبئی ائیرپورٹ پر پھنسے سیکڑوں پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دبئی ائیر پورٹ پر پھنسے پاکستانی نئی سفری شرائط پر پورے نہیں اتر رہے لہٰذا انہیں ڈی پورٹ کیا جائے گا۔