لاہور : شدید آندھی اور گردو غبار کے باعث لاہور ایئرپورٹ پرپی آئی اے کے دو طیاروں کو نقصان پہنچا ہے، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر دونوں طیارے عارضی طور پرگراؤنڈ کردیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شدید آندھی و گردو غبار کے طوفان کے باعث لاہور میں علامہ اقبال ائر پورٹ پر کھڑے پی آئی اے کے دو طیاروں کو نقصان پہنچا ہے، انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر دونوں طیاروں کو فی الحال گراؤنڈ کردیا ہے اور ان کا تکنیکی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
اس صورتحال کے باعث پی آئی اے کی دو پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ پہلی پرواز پی کے 654اسلام آباد جا رہی تھی اور دوسری پی کے 244جو دمام سے سیالکوٹ آرہی تھی لیکن موسم کی خرابی کے باعث لاہور اتارلی گئی تھی اور اب واپس سیالکوٹ جانے والی تھی۔
دونوں پروازوں کے لئے متبادل طیاروں کے اتنظامات کئے جا رہے ہیں جس کا انحصار موسم کی صورتحال پر ہے، پی آئی اے کا زمینی عملہ مسافروں کا خیال رکھ رہا ہے۔ پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اس صورتحال جو کہ کہ ایک قدرتی عمل ہے کے باعث مسافروں کو در پیش زحمت پر معذرت خواہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق لاہور میں آندھی اور بارش سے ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، ایئرپورٹ آنے والی پروازوں کارخ دیگرشہروں کی طرف موڑ دیا گیا ہے، بارش کے باعث مسافر اور عملہ ایئرپورٹ کی عمارت میں محصور ہوگیا، ایئرپورٹ انتظامیہ نے نجی ایئرلائن کی دبئی سے آنے والی پرواز این ایل 767 منسوخ کردی۔
اس کے علاوہ جدہ سے لاہورآنے والی نجی ایئرلائن کی پروازاین ایل 730 اور ریاض سے آنے والی پرواز پی اے 475 بھی منسوخ کردی گئی ہے جبکہ جدہ سے آنے والی پرواز این ایل 718تاخیر کا شکار ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔