پی آئی اے میں کروڑوں پاونڈ کی کرپشن ،انتظامیہ کا تعاون سےگریز

کراچی : پی آئی اے انتظامیہ ریونیو مینجمنٹ میں کروڑوں پاوٗنڈزکرپشن کی تحقیقات میں تعاون سے مبینہ گریز کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کی درخواست کے تحت ریونیو مینجمنٹ میں کروڑوں پاونڈز کے مبینہ گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے، مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لئے انتظامیہ نے ایف آئی اے سے درخواست کی تھی۔
ذرائع کے مطابق کرپشن کا تعلق لندن سیکٹر پر ٹریول ایجنٹس کی فروخت کردہ ٹکٹوں سے ہے، ایف آئی اے نے پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ افسر کو خط تحریر کر دیا۔
خط میں ریکارڈ کی عدم دستیابی ،متعلقہ ملازمین کے پیشی سے گریز کا بتا یا گیا ہے جبکہ تفتیشی حکام کا طلب کردہ ریکارڈ متعلقہ شعبے میں موجود ہی نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ بھی اپنے پاس موجود مبینہ ریکارڈ کی فراہمی کے لئے تیار نہیں ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی فلائٹ سروسز میں سات سے زائد جعلی شیڈولنگ افسر کی بھرتیوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔