کراچی : پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے بڑی خبر آگئی، پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی نے ملازمین کو بڑی پیشکش کی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی، نجکاری کمیشن، اسٹیٹ لائف انشورنس اور ریٹائرڈ ملازمین کے نمائندوں کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں قومی ایئرلائن کی نجکاری کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور میڈیکل سہولتوں کے معاملات پر غور کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران میڈیکل سہولتوں کے معاملے پر ہولڈنگ کمپنی اور ریٹائرڈ ملازمین کے درمیان کوئی اتفاق نہ ہو سکا۔
ہولڈنگ کمپنی نے ریٹائرڈ ملازمین کو اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے ذریعے میڈیکل سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی ، تاہم ریٹائرڈ ملازمین کے نمائندوں نے انشورنس کمپنی سے تحریری پیشکش طلب کر لی۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے کی نجکاری آئندہ ماہ کے آغاز پر حتمی مراحل تک پہنچنے کا امکان
ذرائع نے کہا کہ میڈیکل سروسز پر ڈیڈلاک برقرار رہنے کے باعث قومی ایئرلائن کی نجکاری کی بولی 30 اکتوبر سے بڑھا کر 17 نومبر تک مؤخر کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں ریٹائرڈ ملازمین کے میڈیکل کے علاوہ پنشن کا معاملہ بھی زیر غور آیا، ہولڈنگ کمپنی کے حکام نے ریٹائرڈ ملازمین کے نمائندوں سے آئندہ اجلاس تک مہلت طلب کی۔
دوسری جانب پیپلز یونٹی، ایئر لیگ اور ساسا یونینز نے اجلاس میں شرکت نہ دینے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ن لیگ کی حمایت یافتہ ایئر لیگ کے صدر شمیم اکمل نے قومی ایئرلائن انتظامیہ کو خط لکھ کر غیر نمائندہ تنظیموں کو اجلاس میں بلانے پر اعتراض اٹھایا۔
شمیم اکمل نے واضح کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی میڈیکل سہولتوں میں کسی قسم کی تبدیلی قبول نہیں ہوگی، اور غیر نمائندہ تنظیموں کے ذریعے معاملات طے کرنے سے ریٹائرڈ ملازمین کے مفادات کو نقصان پہنچے گا۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


