کراچی: پی آئی اے کے خراب مالی حالات کے باعث جہازوں کی دم اور کلر اسکیم تبدیل نہ ہوسکی، پروازوں کو تبدیلی کے بغیر روانہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے طیاروں کی دُم اور کلر اسکیم کی تبدیلی کا معاملہ لٹک گیا، ادارے کو خراب مالی حالات کے باعث کلر اسکیم کی تبدیلی میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، انجیئنرنگ میں موجود بوئنگ طیارہ کلر اسکیم تبدیلی کے بغیر پرواز کے لئے روانہ کردیئے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کلر اسکیم کے بغیر سفید رنگ کا حامل بوئنگ طیارہ لاہور کی پرواز نمبر 316 پر روانہ کیا گیا، رجسٹریشن نمبر بی ایم ایچ بوئنگ 777 طیارے کی پرانی کلر اسکیم کراچی انجینئرنگ میں اتاری گئی لیکن بعد ازاں رقم کی عدم دستیابی کے باعث طیارے کی دُم پر نئی کلر اسکیم پر مبنی اسٹیکرز لگانے کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مذکورہ طیارے سمیت چار طیاروں کی دم اور کلر اسکیم کی تبدیلی کی منظوری دی تھی،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی چار طیاروں کی کلر اسکیم اور دم کی تبدیلی پر دو لاکھ ڈالرز کے اخراجات ہوں گے۔
چارطیاروں میں سے ائر بس ساختہ دوسرا طیارہ بھی کلر اسکیم اتارنے کے لئے کراچی انجیئنرنگ میں موجود ہے جبکہ بی ایل یو ساختہ ائر بس طیارے سے پرانی کلر اسکیم اتارنے کا کام آخری مراحل میں ہے۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے نے طیاروں کے نئے ڈیزائن پر ساڑھے 3 کروڑ روپے خرچ کرڈالے
اس حوالے سے پی آئی اے ترجمان کے مطابق کلر اسکیم کے بغیر طیارے کی کمرشل پرواز پر قوانین کے تحت کوئی پابندی عائد نہیں ہے، کلر اسکیم کی تبدیلی کی کارروائی مرحلہ وار مکمل کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: خسارے میں ڈوبے پی آئی اے افسران کی شاہ خرچیاں عروج پر
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔