کراچی : لاہور سے جدہ جانے والا پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے میں 344 مسافر سوار تھے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ دورانِ پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 859 کے دوران پرواز اچانک پرندہ ٹکر اگیا، جس کے بعد کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
کپتان نے انتہائی مہارت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔
پرندہ ٹکرانے سے بوئنگ777طیارے کے ونڈ اسکرین کو نقصان پہنچا ، طیارے میں 344 مسافر سوار تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کی ونڈ اسکرین کی تبدیلی اور مرمت کا کام جاری ہے، کام مکمل ہوتے ہی مسافروں کو جدہ روانہ کیا جائے گا ، تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے اور انہیں مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب پی آئی اے انجینئرز کے خدشات درست ثابت ہوئے ، طیارہ اے پی اور بی ایم ایس حفاظتی بنیادوں پر لینڈ کرگیا۔
لاہور سے جدہ جانے والا پی آئی اے طیارہ راستے میں ونڈ شیلڈ کریک کا شکار ہوئی، جس پر طیارہ فوری طور پر کراچی ایئرپورٹ ڈائیورٹ کر کے محفوظ لینڈنگ کرائی گئی۔
ترجمان سیپ کا کہنا تھا کہ طیارے میں پہلے سے مینٹیننس اور تکنیکی مسائل کی ہسٹری موجود تھی، انجینئرز کے سیفٹی خدشات بارہا انتظامیہ کو بتائے گئے، مگر نظرانداز کیے گئے ، آج کا واقعہ انجینئرز کے خدشات کے درست ہونے کا ثبوت ہے۔
سیپ نے حکومت، سول ایوی ایشن اور پی آئی اے انتظامیہ سے شفاف انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا سیفٹی ایشوز پر توجہ نہ دی گئی تو بڑا حادثہ ہو سکتا ہے۔


