پی آئی اے طیارے کی غلط رن وے پر لینڈنگ پر ایئرکرافٹ سیفٹی انویسٹی گیشن کی رپورٹ تیار کر لی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایئربس 320 طیارے کی غلط رن وے پر لینڈنگ کا واقعہ17جنوری 2025 کو پیش آیا تھا جس میں دمام سے ملتان کی پرواز پی کے150 کو دھند کے باعث لاہور اتارنا پڑا۔
رپورٹ میں لاہور ایئرپورٹ کنٹرول ٹاور سمیت کپتان اور فرسٹ آفیسر، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی اور پی آئی اے انتظامیہ کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
ایئرکرافٹ سیفٹی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ لینڈنگ سے پہلے کپتان نے فلائٹ پاتھ خود فیڈ نہیں کیا، کپتان نے فلائٹ پاتھ ساتھی کپتان سے فیڈ کرایا جو خلاف قانون ہے، ساتھی کپتان نے طیارے میں غلط فلائٹ پاتھ فیڈ کر دیا اور پھر دونوں کپتانوں نے فلائٹ پاتھ فیڈ کرنے کے بعد کراس چیک بھی نہیں کیا۔
کپتان کی غلطی کا احساس ہونے کے باوجود کنٹرول ٹاور لاہور خاموش رہا اور سزا کےخوف سے خاموشی اختیار کئے رکھی۔ کنٹرول ٹاور لاہور کپتان کو فضا میں چکر لگا کر دوبارہ لینڈنگ کرانے میں ناکام رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کپتانوں سمیت کنٹرول ٹاورعملے کی از سر نو تربیت کی اشد ضرورت ہے۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


