پیر, جون 8, 2026
اشتہار

پی آئی اے کے طیارے کے ساتھ حیران کن فضائی واقعہ، پرواز کی لاہور میں ایک پہیے کے بغیر لینڈنگ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: باکمال لوگوں کی لاجواب سروس یعنی پی آئی اے کے طیارے کے ساتھ حیران کن فضائی واقعہ پیش آ گیا ہے، پرواز نے لاہور میں ایک پہیے کے بغیر لینڈنگ کر لی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 ایک پہیہ کے بغیر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی، اس کا انکشاف علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ کے لینڈنگ کے بعد معائنے کے دوران ہوا۔

پی کے 306 کی لینڈنگ کے بعد پچھلے ٹائروں میں سے ایک ٹائر کی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اے ٹی سی او کی جانب سے اطلاع پر کراچی ایئرپورٹ پر ٹائر کی شافٹ کا ایک حصہ ملا، تاہم 14 گھنٹوں سے زائد کا وقت گزر جانے کے باوجود کراچی یا لاہور ایئرپورٹ پر گمشدہ ٹائر نہیں مل سکا ہے۔

پی آئی اے پہیہ ٹائر

اے پی بی ایل ایس رجسٹریشن کے حامل ایئربس 320 طیارے کا ٹائر غائب ہونے کی تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے، قومی ایئر لائن کی ٹیم ٹائر کے بغیر پرواز کی لینڈنگ تحقیقات کے لیے لاہور پہنچ گئی، سیفٹی اینڈ انویسٹیگیشن حکام نے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی سے ٹیک آف کے وقت طیارے کے ٹائر مکمل تھے، طیارے نے لاہور ایئرپورٹ پر نارمل لینڈنگ اور ٹیکسی کی، تحقیقات میں کچھ غائب پرزے کراچی ایئرپورٹ کے رن وے پر ملے ہیں لیکن پورا مین وھیل اب تک غائب ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق گزشتہ رات کراچی سے روانہ ہونے والی پرواز پی کے 306 پر لاہور لینڈنگ کے بعد ایک پہیہ کم ملا تھا، جس پر فضائی ضوابط کے مطابق قومی ایئر لائن کے فلائٹ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ اور سول ایوایشن نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔

حتمی رپورٹ آنے پر اصل وجہ سامنے آئے گی ، تاہم ابتدائی مشاہدے کے مطابق کراچی رن وے پر ممکنہ فاڈ (FOD – کسی بیرونی چیز کے ٹکرانے سے) کے باعث پہیہ خراب ہوا، جہاز نے لاہور بہ حفاظت اور انتہائی ہموار لینڈنگ کی، کیوں کہ جہاز کے ڈیزائن میں اس عمل کے لیے گنجائش رکھی جاتی ہے۔

+ posts

محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں