کراچی : وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے شعبہ گراؤنڈ ہینڈلنگ میں بہتری کے لئے جوائنٹ ونچر کے لئے مختلف کمپنیوں سے رابطے میں ہیں، ایئرلائن ریوینیو میں اضافے کے لئے کراچی کو فضائی حب بنایا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے ہیڈ آفس میں پچیس کیڈٹ پائلٹس کو آفر لیٹر تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سردار مہتاب عباسی کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کی جرمنی میں موجود طیارے کی مبینہ فروخت میں ملوث کسی بھی شعبے کے افراد کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔
مہتاب عباسی نے کہا کہ قومی ایئر لائن کے ریوینیو میں اضافے کے لئے گراؤنڈ ہینڈلنگ شعبے کو جوائنٹ ونچر پر مبنی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ سروسز کی بہتری کے لئے پانچ سو ملین کی ابتدائی رقم سے آلات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے،
پی آئی اے کے فنانشل لاسز سال دو ہزار سولہ میں چالیس ارب پر پہنچ گئے تھے، پی آئی اے فنانشل لاسز پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ کیڈٹ پائلٹس پی آئی اے اکیڈمی میں تکنیکی اورغیرتکنیکی تربیت کی تکمیل پر اےٹی آر طیارے اڑانے کے قابل ہو جائیں گے۔